شہباز شریف 7

صدر اور وزیراعظم کا قوم کی تعمیر میں اساتذہ کے کردار کو خراج تحسین

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کی تعمیر، کردار سازی اورمعیار تعلیم کو بہتر بنانے میں اساتذہ کے اہم کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

آج منائے جانیوالے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہوں نے آئندہ نسلوں کی تشکیل میں اساتذہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ علم بانٹنے کے ساتھ ساتھ طلبہ میں تجسس کو پروان چڑھانے اور ان کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اساتذہ نوجوانوں کو معاشرے کے ذمہ دار اور مفید شہری بننے کے لیے درکار مہارتیں اور اقدار فروغ دینے میں مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی یوم اساتذہ کا موضوع اساتذہ کے ساتھ یکجہتی، پیشے کے تحفظ، اس کی حیثیت کے فروغ اور مستقبل کی تشکیل میں اساتذہ کے کردار کو اجاگر کرتا ہے، اساتذہ کی خدمات کو تسلیم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں پیشہ ورانہ معاونت اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیمی ادارے اور اساتذہ کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے قومی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے ملک بھر میں دانش سکولوں کے قیام کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان اداروں کے ذریعے باصلاحیت اور ذہین طلبہ، خصوصاً معاشی طور پر کمزور پس منظر رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے معیاری تعلیم کا فروغ اور نوجوان نسل کی بہتر تربیت ناگزیر ہے، جس میں اساتذہ کا کردار مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں