اسلام آباد ہائیکورٹ 5

لیڈی ڈاکٹر کے گھر پر قبضے کی کوشش اور ہراسگی کیس، عدالت کا تحفظ فراہم کرنے کا حکم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لیڈی ڈاکٹر کے گھر پر قبضے کی کوشش کے دوران ہراساں کرنے کے خلاف کیس میں ڈاکٹر اور ان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیدیا جبکہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد، ایس ایس پی اور متعلقہ ایس ایچ او کو ڈاکٹر نزہت شاکر اور ان کے اہلخانہ کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فریقین سے جواب بھی طلب کرلیا ۔

جسٹس خادم سومرو نے ڈاکٹر نزہت شاکر کی درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا۔عدالت نے حکم دیا کہ پولیس حکام درخواست گزار اور اہلخانہ کو تحفظ فراہم کریں، ڈاکٹر نزہت شاکر کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے۔ہائیکورٹ نے تھانہ ہمک کے ایس ایچ او کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت اور درخواست گزار کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر مبنی تعمیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ پولیس اور مقامی انتظامیہ درخواست گزار کی جائیداد اور ذاتی تحفظ یقینی بنائیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ ڈاکٹر نزہت شاکر نے گھر پر قبضے کی کوشش کے دوران ہراساں کیے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں