لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ میں آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام سے متعلق درخواست 6اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر سماعت کریں گی ۔عدالت نے این ڈی ایم اے، سیکریٹری صحت اور ہسپتالوں کے ایم ایس سے جواب طلب کر رکھا ہے ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلڈنگ کوڈ اور فائر ایکٹ پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث آتشزدگی کے واقعات پیش آ رہے ہیں جبکہ ایمرجنسی ہیلی کاپٹر سروس شروع نہ ہونے سے بھی کئی جانیں ضائع ہوئیں۔درخواست کے مطابق شہر کی 6.78فیصد عمارتوں کو فائر سیفٹی کے حوالے سے ڈی گریڈ قرار دیا گیا ہے، 682عمارتیں ہائی رسک جبکہ 13عمارتیں ناقابل رہائش قرار دی گئی ہیں ۔
درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 کی 83فیصد ایمبولینسز کی میعاد پوری ہوچکی ہے۔ شہر میں کمانڈ اینڈ کنٹرول کا یکساں نظام، جدید آلات اور مشترکہ ڈیٹا بیس بھی موجود نہیں۔درخواست گزار نے عدالت سے شہر میں آتشزدگی کے واقعات کی انکوائری کرانے اور عمارتوں میں بلڈنگ کوڈ کے مطابق متبادل راستے فراہم کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔









