بلاول بھٹو زرداری 5

بلاول بھٹو زرداری کی قصور کے قریب بھارتی بی ایس ایف کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہریوں کی شہادت کی شدید مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قصور کے قریب بھارتی بی ایس ایف کی فائرنگ سے دو پاکستانی شہریوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بین الاقوامی سرحد پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی جان کی حرمت اور طے شدہ سرحدی ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ نہتے پاکستانی شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہید ہونے والے شہریوں عظمت رسول اور محسن جٹ کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ بین الاقوامی سرحد پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی جان کی حرمت اور طے شدہ سرحدی ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوںنے کہاکہ معصوم پاکستانی شہریوں کے خون کو مودی سرکار اور بھارتی گودی میڈیا کسی من گھڑت بیانیے کے پردے میں نہیں چھپا سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، قوم اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے متحد ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بھارت کو معرکہ حق میں اپنی شکست سے سبق سیکھتے ہوئے بین الاقوامی سرحد پر طے شدہ ضوابط اور انسانی جان کے احترام کو یقینی بنانا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں