لاہور(زاہد انجم سے) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں نئے تعینات ہونے والے ایگزیکٹوڈائریکٹر ومعروف نیورو سرجن پروفیسر آصف بشیر اور سابق ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم کے اعزاز میں ہیلتھ پروفیشنلزکی جانب سے مشترکہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسر صاحبان،
ڈاکٹرز،نرسزاور پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر رانا پرویز سمیت دیگر ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر پروفیسر آصف بشیر نے اپنے ابتدائی کلمات میں پی آئی این ایس میں ڈے کئیر سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا تو ہال میں موجود خواتین نے خوشی کا اظہار کیا اور تالیاں بجائیں۔ای ڈی نے کہا کہ کوئی بھی کام ٹیم ورک کے بغیر احسن طریقے سے سر انجام نہیں پاتا اور نہ ہی کوئی کامیابی ممکن ہوتی ہے
جبکہ مریضوں کے علاج معالجے میں ان اصولوں پر کاربند رہنے کی زیادہ ضرورت پیش آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی نظام کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لئے باقاعدہ فیڈ بیک کے ساتھ ساتھ علاج معالجے کے طریقہ کار کی مانیٹرنگ بھی ناگزیر ہے اوراس امر سے نہ صرف مریضوں کی شکایات کا ازالہ ہوگا بلکہ ہیلتھ پروفیشنلز کی سرگرمیوں اور خدمات کو بھی ضابطے میں لایا جا سکے گا۔
پروفیسر آصف بشیر نے یقین دلایا کہ وہ اس امر کے قائل ہیں کہ ہر شخص کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے لہذا وہ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے تاہم مریضوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی اور جزاء کے ساتھ ساتھ سزا کے اصول پر بھی کاربند رہا جائیگا۔
پروفیسر آصف بشیر نے سابق ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم کی انتظامی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتہائی قابل ایڈمنسٹریٹر تھے،انہوں نے ادارے میں مریضوں کے علاج معالجے اور ملازمین کی فلاح و بہبو د کے لئے بے شمار انقلابی اقدامات اٹھائے۔
اس موقع پر ڈاکٹر خالد بن اسلم نے تمام فیکلٹی ممبران، انتظامی ڈاکٹرز اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ دوران تعیناتی تمام ملازمین نے بھرپور تعاون کیااور وہ یہاں سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ڈاکٹر خالد بن اسلم نے مزید کہا کہ پنز کی ترقی کے لئے سب ملازمین کو انتہائی فرض شناسی، پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ محنت جاری رکھنا ہوگی تاکہ مریضوں کی دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا سکے۔
پروفیسر جودت سلیم نے کہا کہ پروفیسر صاحبان،نوجوان ڈاکٹرز کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ مریضوں کی کونسلنگ بھی کیا کریں جس سے مریض اور تیماردار علاج معالجے کے حوالے سے مکمل طورپر آگاہ رہیں گے۔ اس موقع پر پروفیسر محسن ظہیر، پروفیسر حافظ ماجد، پروفیسر شہزاد حسین، پروفیسر مدثر، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم اور ڈائریکٹر فنانس محمد عارف بھی موجود تھے۔شرکاء نے پروفیسر آصف بشیر کا شاندار استقبال کیا اور ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم کو تحائف اور گلدستے دے کر رخصت کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔









