محمد جاوید قصوری 11

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے (کل)بھرپور احتجاج ہو گا ‘ جماعت اسلامی پنجاب

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر کل10 جولائی بروز جمعتہ المبارک کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے پنجاب وسطی کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر بھرپور احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے،عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور حکومتی نااہلی کے خلاف اپنی آواز بلند کرنے کے لیے ان احتجاجی پروگراموں میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے،جماعت اسلامی صرف عوام کی آواز بلند کر رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں 10جولائی کو جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر ہونے والے مظاہروں کے حوالے سے امراء اضلاع اور دیگر ذمہ داران کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت عوام کو اس کا کوئی فائدہ منتقل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات پر بھاری ٹیکسوں اور لیوی کی وجہ سے عوام مسلسل مہنگا پیٹرول خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ ایل پی جی گیس بھی حکومت کی مقرر کردہ قیمت پر دستیاب نہیں۔ عوام ایک طرف مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور دوسری طرف حکومت نے مختلف شعبوں کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیٹرول مافیا، گیس مافیا، شوگر مافیا، آئی پی پیز مافیا، آٹا مافیا، کھاد مافیا اور ادویات مافیا بے لگام ہو چکے ہیں، مگر حکومت ان کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

اس صورتحال کے باعث عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے اور ہر گھر مہنگائی کے عذاب سے دوچار ہے۔محمد جاوید قصوری نے پنجاب حکومت کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کو ٹھیکے داری نظام کے حوالے کرنا عوام کے بنیادی حقِ علاج سے دستبردار ہونے کے مترادف ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں نہ معیاری علاج میسر ہے، نہ ادویات دستیاب ہیں اور نہ ہی مریضوں کو بنیادی سہولیات حاصل ہیں، مگر حکمران عوامی مسائل کے حل کے بجائے نمائشی اقدامات میں مصروف ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے تناسب سے فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے، پیٹرولیم لیوی اور دیگر غیر ضروری ٹیکس ختم کیے جائیں،

ایل پی جی گیس کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوام کو مستقل ریلیف دینے کے لیے شفاف اور عوام دوست پالیسی اختیار کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ ہر سطح پر لڑتی رہے گی اور مہنگائی، ناانصافی اور حکومتی بے حسی کے خلاف پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے پنجاب بھر کے کارکنان، تاجروں، مزدوروں، کسانوں، طلبہ اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 10 جولائی کے احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں میں بھرپور شرکت کرکے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنا مؤثر احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں