عطا اللہ تارڑ 18

پہلگام واقعہ پر پاکستان کا دوٹوک موقف سفارتی محاذ پر ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا،پاکستانی قوم اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کریگی، عطا تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دیکر اپنی طاقت ثابت کی، پاکستانی قوم اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کریگی،بھارت کے بے بنیاد الزامات اور من گھڑت بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں مل سکی اور کاکول میں وزیراعظم کا خطاب تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل کاکول میں پہلگام واقعہ پر پاکستان کا واضح اور دوٹوک مؤقف پیش کیا، جو سفارتی محاذ پر ایک اہم ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کا بھرپور اور موثر جواب دیا جبکہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں پہلگام واقعہ کو ایک المیہ قرار دیتے ہوئے بلیم گیم ختم کرنے پر زور دیا اور شفاف و غیرجانبدار تحقیقات کی پیشکش بھی کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستان نے پہلگام واقعے کے متاثرین سے اظہارِ ہمدردی کیا اور عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیاجبکہ پاکستان کے تحقیقات کے مطالبے پر بھارت بیک فٹ پر چلا گیا اور کئی بیرونی ممالک نے پاکستانی مؤقف کی حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت ناصرف دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار نہیں کرتا بلکہ دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی سمیت دیگر گروپوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک مضبوط دیوار کی حیثیت رکھتا ہے اور اس جنگ میں مسلسل قربانیاں دے رہا ہے جبکہ افواج پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت میں افواج پاکستان نے ملک کا بھرپور دفاع کیا اور معرکہ حق میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر اپنی طاقت کا لوہا منوایا جبکہ پوری قوم دفاعِ وطن کے لیے افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنی عزت اور وقار پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی اور پاکستان کو عالمی سطح پر عزت، وقار اور اعتماد حاصل ہوا ہے، جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کا مورال بھی بلند ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سچ عالمی سطح پر ایک روشن حقیقت کے طور پر سامنے آیا جبکہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور من گھڑت بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں مل سکی اور کاکول میں وزیراعظم کا خطاب تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں