مراد علی شاہ 9

پھیپھڑوں کے سرطان سے بچاؤ کے لیے بروقت تشخیص ناگزیر، تمباکو نوشی سے مکمل اجتناب کیا جائے، مراد علی شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پھیپھڑوں کے سرطان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پھیپھڑوں کا سرطان دنیا بھر میں اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہے، تاہم بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور صحت مند طرز زندگی اختیار کرکے اس موذی مرض سے بڑی حد تک بچاؤ ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مسلسل کھانسی، سانس لینے میں دشواری یا دیگر غیر معمولی علامات کو ہرگز نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، بلکہ فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ تمباکو نوشی اور دیگر مضر صحت عادات سے مکمل اجتناب کریں، کیونکہ یہ پھیپھڑوں کے سرطان سمیت متعدد خطرناک بیماریوں کی بنیادی وجوہات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف ستھرا اور صحت مند ماحول بہتر صحت کی بنیادی ضمانت ہے، اس لیے ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور صحت بخش ماحول کی فراہمی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کینسر جیسے موذی مرض سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم چلا رہی ہے، جبکہ مریضوں کو مفت اور معیاری علاج کی سہولیات کی فراہمی بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے جناح اسپتال کراچی میں کینسر کا جدید ترین علاج مریضوں کو مفت فراہم کیا جا رہا ہے، جہاں سائبر نائف ریڈیوتھراپی سمیت جدید طبی سہولتیں دستیاب ہیں، تاکہ مریض عالمی معیار کے مطابق علاج سے مستفید ہو سکیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید بتایا کہ خیرپور کے گمس اسپتال میں بھی کینسر کے علاج، اعضا کی پیوند کاری اور پھیپھڑوں کے امراض کے علاج کے خصوصی یونٹس فعال ہیں، جہاں جدید طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پھیپھڑوں کے سرطان سے بچاؤ کے لیے بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور باقاعدہ طبی معائنہ انتہائی اہم ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ تمباکو نوشی سے مکمل اجتناب کریں، صحت مند طرز زندگی اپنائیں اور کینسر سے متعلق آگاہی عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ عالمی یومِ پھیپھڑوں کا سرطان ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی اور اپنے معاشرے کی صحت کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کینسر کے خلاف آگاہی کو فروغ دیں اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں