ڈاکٹریاسمین راشد 225

پنجاب میں ہیپاٹائٹس کے رجسٹرڈ مریضوں کوتشخیص، علاج اور ادویات کی بالکل مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے’یاسمین راشد

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے گورنرہاؤس میں ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر بیگم گورنرپنجاب،کنٹری ہیڈ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹرپالیتھاماہیپالا،پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹرخالد، ڈاکٹرزاہدپرویز،ڈاکٹرجمشید،یونیسف کے نمائندگان اورخواتین و حضرات کی کثیرتعدادنے بھی شرکت کی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجا ب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ڈاکٹرخالدنے حاضرین کو پنجاب میں ہیپاٹائٹس کے رجسٹرڈ مریضوں کے علاج کیلئے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات پیش کیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ہمارے معاشرے میں ہیپاٹائٹس بیماری بارے آگاہی پھیلانا انتہائی ضروری ہے۔پنجاب میں ہیپاٹائٹس کے رجسٹرڈ مریضوں کوتشخیص، علاج اور ادویات کی بالکل مفت سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منانے کا بنیادی مقصدمعاشرے میں ہیپاٹائٹس بیماری کی آگاہی پھیلانا اور اس بیماری کاشکارمریضوں کو بہترطبی سہولیات فراہم کرنے کا عہدکرناہے۔وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویژن کے مطابق پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں بہترطبی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں ہیپاٹائٹس کی سکریننگ کا دائرہ کاروسیع کیاجارہاہے۔ہیپاٹائٹس خون سے پھیلنے والی بیماری ہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ حکومت صوبہ میں ہیپاٹائٹس بیماری کے خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔

پنجاب میں ڈسپوزایبل سرنجزکے استعمال کو ہرصورت یقینی بنایاجائے گا۔پنجاب میں محفوظ خون کی ترسیل کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔دیہی علاقہ جات میں ٹیکہ لگوانے کا رجحان کم ہوناچاہیئے۔بیگم گورنرپنجاب بھی ہیپاٹائٹس کے خلاف جہادمیں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔پاکستان کو ہیپاٹائٹس فری ملک بنانے کیلئے کوشاں اور پرامیدہیں۔صوبائی وزیر صحت نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کی مناسبت سے شاندارتقریب منعقدکرنے پر پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے ذمہ داران کو شاباش دی۔کنٹری ہیڈ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹرپالیتھاماہیپالانے پنجاب میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے پر محکمہ صحت کی کاوشوں کو سراہا۔ڈاکٹرپالیتھاماہیپالا نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو کینسرجیسی بیماری کے باوجود پنجاب کی عوام کی خدمت کرنے پرخراج تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں