سردار محمد یوسف 54

پاک سعودیہ دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کو متحد کرسکتا ہے’وفاقی وزیر سردار یوسف

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی سطح پر امن کے لیے اہم کردار ادا کیا اور جنگ کے خدشات کو روکنے میں کامیابی حاصل کی،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ امت مسلمہ کو متحد کر سکتا ہے،وزیراعظم کے مطابق پاکستان کی سفارتی کوششیں جاری ہیں اور امید ہے کہ خطے میں مکمل امن قائم ہوگا۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کے بعد تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں کھڑے رہیں گے، یہ معاہدہ امت مسلمہ کو متحد کر سکتا ہے۔وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہاکہ پاکستان سے رواں سال حج کے لیے ایک لاکھ 89 ہزار 210 عازمین سعودی عرب جائیں گے، جبکہ اب تک تقریباً 25 ہزار پاکستانی عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں،حج فلائٹ آپریشن 21 مئی تک مکمل ہو جائے گا،سعودی حکومت نے رواں سال روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کو لاہور تک توسیع دے دی ہے جس کے تحت حجاج کو پاکستان ہی میں امیگریشن مکمل کرنے کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پبلک سیکٹر میں 2 پیکجز متعارف کروائے گئے ہیں، شارٹ حج پیکج تقریباً20 سے 25 دن، لاگت تقریبا 12 لاکھ روپے، لانگ حج پیکج تقریباً 35 سے 40 دن کا ہے اوراس کی لاگت ساڑھے 11 لاکھ روپے ہے ۔اگرچہ اخراجات بڑھ گئے ہیں تاہم پاکستان کا حج پیکج خطے میں بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک کے مقابلے میں اب بھی کم ہے۔

سردار محمد یوسف نے واضح کیا کہ (ن)لیگ حکومت کے دور میں فری حج کا تصور مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے،جو بھی حج پر جائے گا وہ ادائیگی کے ساتھ جائے گا البتہ جو افراد حجاج کی خدمت کے لیے جاتے ہیں وہ رضاکار اور سرکاری افسران ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً1700 سرکاری افسران اور رضاکار سعودی عرب جا رہے ہیں جبکہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی رضاکار خصوصی اجازت کے تحت حج کے پانچ دنوں میں خدمت انجام دیتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں