طارق فضل 34

پاکستان میں عالمی معاملات اور صورتحال کی وجہ سے وزیراعظم اور اپوزیشن کی ملاقات نہ ہو سکی ،طارق فضل

اسلام آبادرپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے پارلمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں خطے کی صورتحال کے حوالے سے جو معاملات ہوئے اس کی وجہ سے ملاقات نہ ہو سکی، پاکستان جنگ بندی کے لیے جو کوششیں کرتا رہا وہاں مصروفیات کی بنا پر یہ ملاقات نہ ہو سکی تھی۔

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر ملاقات سے متعلق پارلیمنٹ ہاﺅس میں گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل نے کہا کہ وزیر اعظم ہاﺅس اور وزیر اعظم چیمبر کے دروازے اپوزیشن لیڈر کے لیے کھلے ہیں، حکومت پہلے بھی مذاکرات کے لیے تیار تھی اور اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کوشش کر رہے ہیں کہ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات ہو سکے، وزیراعظم ہاﺅس یا سپیکر چیمبر میں اگر اپوزیشن آنا چاہے تو ہم وہاں بھی بات کرنے کو تیار ہیں، اگر لیڈر آف دی اپوزیشن چیمبر بھی جانا پڑا تو وزیراعظم اس سے دریغ نہیں کریں گے۔طارق فضل نے کہا کہ پاکستان میں عالمی معاملات اور صورتحال کی وجہ سے ملاقات میں وقفہ آیا، آج بھی امریکی صدر پاکستان کی سفارتکاری کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا نام لے کر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر تعیناتیوں اور تقرریوں سے متعلق جو مشاورت کریں گے تو توقع ہے فیصلے ہو جائیں گے، شہباز شریف نے افہام و تفہیم سے معاملات کو حل کرنے کی بات کی۔ اگر اپوزیشن چاہتی ہے کہ حکومت کو کوئی مفید مشورے دیئے جا سکتے ہیں تو ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے پارلمانی امور نے کہا کہ جب بھی مذاکرات کا کوئی موقع آیا اپوزیشن نے راہ فرار اختیار کی، محمود خانہ چکزی ایک زیرک سیاستدان ہیں ان کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں