امیر مقام 37

پاکستان ایک ذمہ دار، سنجیدہ اور امن پسند ملک کے طور پر دنیا میں اپنا مقام مضبوط کر رہا ہے، امیر مقام

سوات (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن)انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کیلئے مسلسل کوششیں کی ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار، سنجیدہ اور امن پسند ملک کے طور پر دنیا میں اپنا مقام مضبوط کر رہا ہے، سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کیلئے بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سوات کے علاقے اسلام پور میں ایس این جی پی ایل کی جانب سے گیس فراہمی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے گیس کی فراہمی اور گیس میٹرز کی تنصیب کا افتتاح کیا،یہ منصوبہ 24 کلومیٹر نیٹ ورک پر مشتمل ہے اور اس سے علاقے کے 2 ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج کا دن اس علاقے کی ترقی کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس گیس منصوبے کے افتتاح پر آپ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ منصوبہ اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم ملک کے ہر کونے تک ترقی اور بنیادی سہولیات پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام پور ہاتھ سے بنے کپڑوں، ہنرمندی اور محنتی لوگوں کی وجہ سے ایک منفرد شناخت رکھتا ہے، یہاں کے لوگ نہ صرف ہماری معیشت کا اہم حصہ ہیں بلکہ ہماری ثقافتی وراثت کے امین بھی ہیں، آج اس گیس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف گھریلو صارفین کو سہولت میسر آئے گی بلکہ مقامی صنعت، خصوصا کپڑا سازی اور دستکاری کے شعبے کو بھی نئی توانائی ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صاف، سستی اور مستقل توانائی کی فراہمی چھوٹے کاروباروں کو فروغ دے گی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی اور اس علاقے کی معیشت کو مزید مضبوط بنائے گی، یہ منصوبہ صرف گیس کی فراہمی نہیں بلکہ خوشحالی، ترقی اور خود انحصاری کی ایک نئی شروعات ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح یہی ہے کہ پسماندہ اور دیہی علاقوں کو بھی وہی سہولیات فراہم کی جائیں جو بڑے شہروں میں دستیاب ہیں تاکہ ترقی کا سفر سب کیلیے یکساں ہو، ہم شفافیت، اعلی معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ نہ صرف اندرونِ ملک ترقی بلکہ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے بھی ایک ذمہ دار اور مثبت کردار ادا کیا ہے، ہماری قیادت نے ہر مشکل وقت میں دانشمندی، تحمل اور دوراندیشی کا مظاہرہ کیا ہے،

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے خطے میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں کی ہیں، اسی طرح افواجِ پاکستان ملک کے دفاع کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کیلیے مثبت کردار ادا کیا ہے، ہماری ان کوششوں کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے اور مختلف عالمی حلقوں کی جانب سے پاکستان کی قیادت کی امن کیلئے کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار، سنجیدہ اور امن پسند ملک کے طور پر دنیا میں اپنا مقام مضبوط کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر بھی یقین رکھتے ہیں کہ عالمی تجارت اور توانائی کے اہم راستے جیسے آبنائے ہرمز کھلے اور محفوظ رہنے چاہئیں تاکہ عالمی معیشت مستحکم رہے اور دنیا میں استحکام پیدا ہو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر اس ترقیاتی سفر کو آگے بڑھائیں، اپنے ہنر کو مزید نکھاریں، اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے کام کریں اور اپنے ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں، ترقی صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہوتی ہے۔ اس موقع پر مقامی عمائدین نے اس اہم منصوبے کیلئے وفاقی وزیر کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور اسے قابل قدر اقدام قرار دیا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر کا آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا اور گلاب کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن)سوات کی قیادت بھی موجود تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں