سید یوسف رضا گیلانی 11

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط اور فروغ پا رہے ہیں۔آذربائیجان کے یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور مختلف عالمی و پارلیمانی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر آذربائیجان میں بھی بھرپور جشن منایا گیا، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہری دوستی اور یکجہتی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین اور ایشین پارلیمانی اسمبلی میں پاکستان اور آذربائیجان کے مقف میں نمایاں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آذربائیجان اسلام آباد میں جدید فنِ تعمیر اور ترقیاتی وژن متعارف کرا رہا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی، ثقافتی اور تجارتی روابط بھی تیزی سے فروغ پا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے لیے آذربائیجان کی ہفتہ وار 11 پروازیں شروع کی جا چکی ہیں، جن کے ذریعے اسلام آباد اور لاہور سے سفری سہولیات میسر ہیں، جبکہ پاکستان سے آذربائیجان کا سفر تین گھنٹے سے کم وقت میں مکمل ہو جاتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان پروازوں میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوامی روابط اور سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے باکو میں موجود تاریخی ملتانی کارواں سرائے کو برصغیر اور آذر بائیجان کے صدیوں پرانے تعلقات کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ UNESCO نے بھی اس تاریخی مقام کو خصوصی اہمیت دے رکھی ہے۔انہوں نے پاکستان اور آذر بائیجان کی دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں