کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ نشیبی علاقوں سے سیلاب کے پانی کی نکاسی کو تیز کریں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلی ہائوس میں کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 14 تصدیق شدہ اور 5 اضافی ایجنڈا پر غور اور فیصلے ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعلی سندھ نے محکمہ زراعت اور بورڈ آف ریوینیو کو ہدایت دی کہ ربیع کی فصل کیلئے بیج کی رقم دینے کا طریقہ کار حتمی کیا جائے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم چیئرمین پیپلز پارٹی کی ہدایت پر جلد بیج کیلئے 5000 روپے فی ایکڑ کے حساب سے دینا شروع کر دینگے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کا طریقہ کار کے فیصلے بھی آخری مرحلی میں ہیں۔مراد علی شاہ نے ضلع انتظامیہ کو حکم دیا کہ نشیبی علاقوں سے سیلاب کے پانی کی نکاسی کو تیز کریں اور سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے بھرپور اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں صوبائی وزرا، مشیر، معاون خاص، چیف سیکریٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، پرنسپل سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔









