عثمان بزدار 195

وزیراعلیٰ پنجاب کا اوورسیز پاکستانیز کے ساتھ ہر ماہ باقاعدہ ملاقات کرنے کا اعلان

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیز کے ساتھ ہر ماہ باقاعدہ ملاقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب سید طارق محمودالحسن کی قیات میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔ وفد میں امریکہ، انگلینڈ، کینیڈا، یورپ، مشرق وسطی، افریقہ اور دیگر ممالک سے آئے اوورسیز پاکستانی شامل تھے۔

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے اوورسیزپاکستانیز کو ان کی شاندار خدمات پر میڈلز دیئے جبکہ اوورسیز پاکستانیز ڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو بھی میڈلز دیئے۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے افسروں اور عملے میں شیلڈز تقسیم کیں۔ملاقات میں اوورسیز پاکستانیزنے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفد اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے وزیر اعلیٰ آفس بلا کر ہمیں عزت دی ہے اور ہمارے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، ہم سب آپ کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آپ سے آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ مشاورت جاری رہے گی، اوورسیز پاکستانیزوطن عزیز کا سرمایہ ہیں، سمندر پار سے آنے والوں کو پہلی بار ووٹ کا حق تحریک انصاف کی حکومت نے دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں