اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ گورنر راج کے نفاذ میں کوئی رکاوٹ نہیں، تاہم ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اس آخری آپشن پر نہ جائیں۔
دُنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دارالحکومت کو پی ٹی آئی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، طالبان کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کو اسلام آباد پر لشکر کشی نہیں کرنے دیں گے، اسلام آباد کی حفاظت کرنا ہمارا فرض ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گورنر راج لگنے سے پی ٹی آئی سیاسی شہید کہلائے گی یا نہیں، یہ تو وقت بتائے گا، اگر ایک شخص کی خوشی کے لیے ملک کا شیرازہ بکھیرنا چاہتے ہیں تو یہ قبول نہیں ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کے پی حکومت کی لیڈر شپ سے خدانخواستہ علیحدگی کی توقع کی جا سکتی ہے، پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں، پی ٹی آئی کے اپنے لوگ چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلے۔









