طارق فضل چوہدری 3

ونگ کمانڈر ذیشان علی کا چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا کا سفر پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے لیے یہ انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ ونگ کمانڈر ذیشان علی چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا کا سفر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ونگ کمانڈر ذیشان علی پاک فضائیہ کے باصلاحیت فائٹر پائلٹ اور پاکستان کی صلاحیت، محنت اور عزم کی روشن مثال ہیں۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے مطابق ذیشان علی کا بطور پے لوڈ ایکسپرٹ چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچنا پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ذیشان علی کی یہ تاریخی کامیابی نوجوان نسل کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا اہم پیغام ہے۔وفاقی وزیر نے ونگ کمانڈر ذیشان علی کو اس تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔انہوں نے دعا کی کہ ذیشان علی کا مشن کامیابی سے ہمکنار ہو اور پاکستان کا سبز ہلالی پرچم دنیا بھر میں مزید سربلند ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں