محسن نقوی 4

نوجوان پولیس افسران ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، وزیر داخلہ

پشاور (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نوجوان پولیس افسران ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں جن سے پوری قوم کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں، افسران نئے عزم کے ساتھ ذمہ داریاں سنبھالیں، مظلوم کی داد رسی کے لیے آخری حد تک جائیں اور ظالم کو کسی صورت نہ چھوڑیں۔ترجمان وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وہ فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی)ہیڈکوارٹرز پشاور کے دورے کے موقع پر 49 ویں کامن کے 34 پولیس افسران کی الوداعی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے افسران کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا، جبکہ ہیڈکوارٹرز میں صفوت بلاک کا افتتاح اور فورس کے لیے جدید بکتر بند گاڑیوں کا معائنہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پولیس افسران ملک و قوم کا سرمایہ ہیں جنہوں نے جس جذبے اور پیشہ وارانہ مہارت سے فیڈرل کانسٹیبلری میں خدمات انجام دیں وہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ینگ پولیس افسران سے سب کو بہت توقعات وابستہ ہیں اور اب انہیں نئی ذمہ داریاں نئے عزم و حوصلے کے ساتھ ادا کرتے ہوئے عوام کی امنگوں پر پورا اترنا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس افسران کو واضح ہدایت کی کہ قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مظلوم کی داد رسی کے لیے آخری حد تک جائیں اور ظالم کو کسی صورت معاف نہ کریں۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ تربیت اور فیلڈ تجربے سے لیس یہ افسران ملک بھر میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی ہیڈکوارٹرز میں نوتعمیر شدہ ‘صفوت بلاک’ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور عمارت میں قائم جدید میٹنگ ہالز، دفتری شعبہ جات اور جم کا تفصیلی معائنہ کیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ نے فیڈرل کانسٹیبلری کی آپریشنل استعداد کار بڑھانے کے لیے فلیٹ میں شامل کی جانے والی نئی بکتر بند گاڑیوں اور بسوں کا بھی جائزہ لیا، جس پر انسپکٹر جنرل ایف سی نذیر احمد گاڑا نے وفاقی وزیر داخلہ کو فورس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں، جدید سازوسامان اور انتظامی امور کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں