شفیع جان 9

وزیر اطلاعات شفیع جان کی کوہاٹ میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت

پشاور(رپورٹنگ آن لائن)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کوہاٹ میں شادی پور پولیس چیک چوکی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔یہاں سے جاری اپنے بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے حملے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شفیع جان نے کہا کہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ فعل ہے۔ دہشت گرد ایسی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔

پولیس کو جدید اسلحے، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ضروری وسائل سے لیس کیا گیا ہے تاکہ دہشت گردی کے چیلنج کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات جاری رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں