کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینئر صحافی حسین نقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی صحافتی خدمات اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حسین نقی نے صحافت کے میدان میں اصول پسندی، جرات اور حق گوئی کی روشن مثال قائم کی۔ ان کی صحافتی خدمات اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہاکہ حسین نقی کا انتقال صحافتی برادری اور انسانی حقوق کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، ان کی صحافت اور انسانی حقوق کے لیے خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔








