مریم نواز شریف 7

مریم نواز کا بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کرنیوالے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب نے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گرو نانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بالخصوص پنجاب امن، محبت، مذہبی رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کی سرزمین ہے۔

اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے پاکستان میں مقدس مذہبی مقامات کی زیارت کے لیے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ بابا گرو نانک امن، محبت اور بھائی چارے کے علمبردار ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان آنے والے سکھ یاتری ہمارے مہمان ہیں اور ان کی مہمان نوازی اور سہولت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سکھ یاتریوں کی آمد پر پرتپاک استقبال پاکستان کی مذہبی رواداری اور روایتی مہمان نوازی کا مظہر ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ مذہبی سیاحت کا فروغ پاکستان کا مثبت اور پُرامن تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرنے کا ذریعہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں