عبدالعلیم خان 14

موجودہ حالات میں ملک کسی بھی سیاسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا’عبدالعلیم خان

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی سیاسی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہو سکتا،قومی سلامتی اور ملکی امن کو سیاسی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، وطن عزیز کو اس وقت سیاسی محاذ آرائی نہیں، قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،ملک میں جمہوریت کا تحفظ صرف حکومت نہیں اپوزیشن کی بھی ذمہ داری ہے، ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر اپوزیشن کا غیر ذمہ دارانہ رویہ نا قابل فہم ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، شہدا کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ملک میں امن و استحکام کو مقدم رکھا جائے۔

انہوںنے کہا کہ پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملکی دفاع کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں، اندرونی و بیرونی خطرات کے مقابلے کے لئے قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، ملک حالتِ جنگ میں ہے، اپوزیشن کو سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، دہشتگردی کے خلاف جوانوں کی قربانیاں سیاسی مفادات سے بالاتر قومی اثاثہ ہیں، وطن کی سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والوں کے ساتھ پوری قوم متحد کھڑی ہے، عوام جلاو گھیراو، توڑپھوڑ کی سیاست اور دھرنوں کو مسترد کر تے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں