محمد جاوید قصوری 12

29 نومبر کو مینارِ پاکستان پر ہونے والا آل پنجاب اجتماعِ عام اہم سنگِ میل ثابت ہوگا،جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اس ملک کی حقیقی نظریاتی ترجمان جماعت ہے جس نے ہمیشہ اپنے کارکنان کی فکری، اخلاقی اور عملی تربیت پر خصوصی توجہ دی ہے، ہمارے کارکنان خالصتاً رضائے الٰہی کے جذبے کے تحت اللہ تعالیٰ کے پیغام کو لے کر معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچنے اور جہاں خیر و بھلائی کے کام کی ضرورت ہو وہاں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جماعت اسلامی کی سیاست کا محور خدمتِ خلق، اصلاحِ معاشرہ اور اللہ تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ تربیتی ورکشاپ میں شرکت کے لیے کراچی سے آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کے لوگ اسمبلیوں میں پہنچیں یا نہ پہنچیںمگر ہمارے فلاحی اور عوامی خدمت کے منصوبے پورا سال جاری رہتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن اس کی عملی مثال ہے جو پاکستان کے ایک بڑے اور بین الاقوامی شہرت یافتہ فلاحی ادارے کی حیثیت سے ملک بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ اس ادارے کے ساتھ ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں رضاکار وابستہ ہیں جو مشکل حالات میں عوام کی مدد کے لیے میدانِ عمل میں موجود رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا ہر کارکن تحریک کا قیمتی اثاثہ ہے۔

اس کی تربیت، کردار سازی اور اسے معاشرے میں ایک مؤثر داعی کی حیثیت سے تیار کرنا ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے کارکنان اللہ اور اس کے رسول ۖ کا پیغام عام لوگوں تک پہنچائیں اور اپنے کردار و عمل سے اسلامی معاشرے کی عملی تصویر پیش کریں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر بھرپور جدوجہد کی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، ظالمانہ ٹیکسوں، آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف ہماری تحریکیں عوام کو ریلیف دلانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عام آدمی کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی استحصال سے نجات دلانا حکمرانوں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ 29 نومبر کو مینارِ پاکستان لاہور میں منعقد ہونے والا آل پنجاب اجتماعِ عام جماعت اسلامی کی دعوت، تنظیمی قوت اور عوامی رابطے کے حوالے سے اہم اجتماع ہوگا۔ اس میں پنجاب بھر کے ہر ضلع، شہر، قصبے اور علاقے سے کارکنان اور عوام کی شرکت یقینی بنانے کے لیے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ ہمارا مقصد ایک ایسی منظم اور باکردار افرادی قوت تیار کرنا ہے جو ملک میں حقیقی تبدیلی، اسلامی نظام اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں