اسحاق ڈار 11

پاکستان نےعالمی تنازعات کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کیا، پرتگال

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی پرتگال کے وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، پرتگالی وزیر خارجہ نے عالمی تنازعات کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیا۔پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرتگال کے عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ میں پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا، رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔پرتگال کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پرتگال سےدوطرفہ تعلقات کووسعت دینا ترجیح ہے،پاکستان اور پرتگال کے درمیان سفارتی تعلقات کے 77 سال مکمل ہو چکے ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستی ،سیاسی روابط کی قدر کرتے ہیں، دوطرفہ تجارت اورسرمایہ کاری کا فروغ ترجیح ہے۔

پرتگالی وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے کہا کہ عالمی سیاست میں بھی پاکستان کاکردار کلیدی رہا ہے، پاکستان کےساتھ تعلقات کومزیدمستحکم کرنا چاہتے ہیں، 19سال بعد وزارتی سطح پرپاکستان کا دورہ کررہےہیں۔

وزیرخارجہ پرتگال نے کہا کہ پاکستان کااقوام متحدہ سلامتی کونسل میں کلیدی کردار ہے، پاکستان کیساتھ دوطرفہ تعلقات،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، غزہ کی حمایت میں پاکستان کاکردارمثالی ہے۔

پاؤلو رینجل نے دنیا میں قیام امن کیلئےپاکستان کےکردارکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نےعالمی تنازعات کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کیا، قیام امن، سفارتکاری اور بات چیت میں پاکستان نےبہترین کردار ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں