مراد علی شاہ 13

وزیراعلیٰ سندھ کی بلوچستان میں آپریشن “شعبان” کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان میں جاری آپریشن “شعبان” کے دوران سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ وطن کے بہادر سپوت آپریشن “شعبان” کے دوران اب تک 39 فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کر چکے ہیں، جو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور قومی عزم کا واضح ثبوت ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل اور حتمی خاتمہ یقینی بنایا جائے گا اور ملک دشمن عناصر جلد اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے محافظوں کے حوصلے، عزم اور جذبے ہمیشہ کی طرح بلند ہیں اور یہی جذبہ پاکستان کے امن و استحکام کی ضمانت ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی مسلسل اور کامیاب کارروائیاں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور بے مثال بہادری کی عکاس ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن “شعبان” وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس کے مثبت نتائج ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس امید کا اظہار کیا کہ سکیورٹی فورسز اپنی کامیاب کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے مشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گی۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت اور پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی ہر قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن، استحکام اور خوشحالی ہی ہماری منزل ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں