مراد علی شاہ 7

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدر آصف علی زرداری کو 71ویں سالگرہ کی مبارکباد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ان کی 71ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کی عوام، جمہوریت اور وفاق پاکستان کے لیے خدمات قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کی مدبرانہ قیادت ملک میں جمہوری استحکام، آئینی بالادستی اور قومی مفاہمت کی علامت بن چکی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں جمہوریت، پارلیمان کی بالادستی اور وفاق کے استحکام کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل اور آزمائش کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے صبر، دانش، برداشت اور مفاہمت کا راستہ اختیار کیا، جس کے نتیجے میں ملک میں جمہوری عمل کو مضبوطی ملی اور قومی سیاست میں توازن پیدا ہوا۔انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت نے پاکستان میں جمہوری اور آئینی عمل کو نئی جہت دی جبکہ ان کا تاریخی نعرہ “پاکستان کھپے” قومی اتحاد، امید اور یکجہتی کی علامت بن گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں ترقی، جمہوریت اور عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے صدر مملکت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صحت، سلامتی، عمرِ دراز اور مزید قومی خدمات کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے ملکی ترقی، جمہوری استحکام اور عوامی خدمت کے لیے صدر آصف علی زرداری کی کاوشوں کو زبردست خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں