نیب 258

نیب ترمیمی آرڈیننس،کیسزکے حوالے سے پالیسی تیار

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) نیب نے ترمیمی آرڈیننس کے بعد کیسز کے حوالے سے پالیسی تیار کرلی ۔ پراسیکیوٹرجنرل نیب نے تمام بیوروز کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرلز کو خط لکھ کرنیب کی نئی پالیسی واضح کردی ہے۔ نیب کی نئی پالیسی کے تحت منی لانڈرنگ کے کیسز پر انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت نیب کارروائی جاری رکھے گا۔

کرپشن، آمدن سے زائد اثاثوں اور اختیارات کے غلط استعمال کے کیسز پر بھی نیب کا اختیار برقرار ہے تاہم کابینہ اور دیگر فورمز سے منظور شدہ منصوبوں پر بنے کیسز پر اب نیب کا اختیار نہیں ہوگا۔خط میں بتایا گیا ہے کہ عوام سے فراڈ کرنے والے پرائیویٹ افراد پر بھی نیب کا اختیار بحال ہوچکا ہے تاہم محض ضابطے کی غلطیوں پر نیب کارروائی نہیں کرے گا۔

بنک قرض کے معاملات پر کارروائی سے پہلے اسٹیٹ بنک کی منظوری لازمی لی جائے۔ ترمیمی آرڈیننس کے تحت استثنی کے حامل کیسز کی فہرست فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ڈپٹی پراسیکیوٹرز کو کہا گیا ہے کہ ان کے بیورو آگاہ کریں کہ اب کون کون سا کیس مزید نہیں چل سکتا ہے۔ اس فہرست میں غیر مبہم رائے کے ساتھ کیسز کی فہرست طلب کی گئی ہے تا کہ ہیڈ کوارٹر ان پر فیصلہ کرسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں