عدالت 17

سندھ ہائیکورٹ کا صوبے بھر میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ کو اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔عدالت نے ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی اور ٹریفک مسائل سے متعلق دائر سات درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے کے مطابق اعلیٰ سطحی کمیٹی میں محکمہ داخلہ، محکمہ ٹرانسپورٹ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل کیے جائیں گے، جبکہ محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی کے محکمے کو بھی کمیٹی کا حصہ بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی سندھ بھر میں ٹریفک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے گی اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرے گی۔ جامع ماسٹر پلان میں متعلقہ اداروں کی ذمہ داریاں اور عمل درآمد کی مدت واضح کی جائے، جبکہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور ان کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام بھی وضع کیا جائے۔عدالت نے ہدایت کی کہ ماسٹر پلان مرتب کرتے وقت ہر ضلع کی ٹریفک سے متعلق مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھا جائے اور بدلتی ہوئی ٹریفک صورتحال اور عوامی ضروریات کے مطابق اس پر نظرثانی کا نظام بھی شامل کیا جائے۔فیصلے کے مطابق محکمہ ماحولیات سندھ موٹر گاڑیوں سے متعلق جامع ماحولیاتی قواعد و ضوابط تیار کرے گا، جبکہ سیکریٹری ماحولیات مجوزہ قوانین کا مسودہ تیار کرکے چیف سیکریٹری کو پیش کریں گے۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ مجوزہ قواعد میں گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھوئیں، ماحولیاتی معیارات اور گاڑیوں کی انسپکشن و ٹیسٹنگ کے معاملات شامل کیے جائیں۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی معیارات پر عمل درآمد اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے بھی مؤثر نظام وضع کیا جائے۔فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور موجودہ قانونی فریم ورک پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ماحولیاتی تحفظ اور ٹریفک کے مؤثر انتظام کو محض اجلاسوں اور رپورٹس تک محدود نہیں رکھا جانا چاہیے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں