گورنر سندھ 16

تعلیمی اداروں میں تشدد اور ہراسانی کا مکمل خاتمہ ضروری ہے، گورنر سندھ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے اسکولوں میں تشدد اور بْلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر طالب علم کا محفوظ، خوشحال اور پراعتماد ہونا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ تعلیمی اداروں میں تشدد، ہراسانی اور بْلنگ کا مکمل خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ بچوں کو خوف، دباؤ اور امتیاز سے پاک تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سائبر بْلنگ سمیت ہر قسم کی آن لائن اور آف لائن ہراسانی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جسمانی سزا کی ممانعت اور زیرو ٹالرنس پالیسی بچوں کے تحفظ کے لیے اہم اقدامات ہیں۔ وفاقی وزارتِ تعلیم اور رائٹ ٹو پلے کے سماجی و جذباتی تربیت کے پروگرام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات بچوں کی شخصیت سازی اور بہتر تعلیمی ماحول کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اساتذہ بچوں کی ذہنی صحت اور نفسیاتی ضروریات پر خصوصی توجہ دیں، کیونکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ان میں اعتماد، برداشت اور احساسِ تحفظ کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی دن 2026 کا موضوع ”ہر طالب علم محفوظ اور خوشحال: وعدوں سے عملی اقدامات تک” اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے اور تعلیمی اداروں کو ہر قسم کے تشدد اور ہراسانی سے پاک بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں