سید یوسف رضا گیلانی 13

چیئرمین سینیٹ کا پاکپتن میں بس اور ٹریلر کے تصادم میں متعدد قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر بس اور ٹریلر میں تصادم سے متعدد مسافروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی مرحومین کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور ان کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے افسوسناک ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے ٹریفک قوانین پر موثر عمل درآمد، گاڑیوں کی فٹنس اور سڑکوں پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ انسانی جانوں کا تحفظ اجتماعی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرنی چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں