بیرسٹر دانیال چوہدری 8

نواز شریف کی سیاست کا محور قومی یکجہتی، عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کا فروغ ہے ، بیرسٹر دانیال

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف پر کی گئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست کا محور قومی یکجہتی، عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کا فروغ ہے اس لیے ان کے بیانات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنا مناسب نہیں۔

اپنے بیان میں بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کا ہر خطاب پوری قوم کی ترجمانی کرتا ہے کسی صوبے، شہر یا علاقے کی تضحیک ان کی سیاست کا حصہ نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)سندھ، کشمیر اور ملک کے تمام حصوں کے عوام کا یکساں احترام کرتی ہے اور باہمی احترام، برداشت اور قومی ہم آہنگی ہی جماعت کی سیاست کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں تلخی پیدا کرنے والے وہ عناصر ہیں جو ہر بیان کو تنازعے کا رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ نواز شریف نے ہمیشہ مفاہمت، اتحاد اور جمہوری روایات کے فروغ کی بات کی ۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ووٹ کی عزت کا سبق مسلم لیگ (ن)کو دینے کی ضرورت نہیں کیونکہ عوام تین مرتبہ نواز شریف کو ملک کا وزیراعظم منتخب کر چکے ہیں اور عوامی مینڈیٹ ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہے۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب کی ترقی پر تنقید کرنے والوں کو حقائق کا جائزہ لینا چاہیے، مختلف ادوار میں مسلم لیگ (ن)کے ترقیاتی منصوبے، انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور عوامی فلاح کے اقدامات آج بھی اس کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہروں اور علاقوں کے نام پر طنز کرنے کے بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دینا زیادہ مناسب ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ عوامی اعتماد کھونے والی جماعتیں دوسروں کے مینڈیٹ پر سوالات اٹھانے کے بجائے اپنی سیاسی کارکردگی کا جائزہ لیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن)آئندہ بھی مثبت سیاست، قومی اتحاد اور عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں