ذوالفقار علی شاہ 14

نواز شریف نے اپنے خطاب میں تاریخی شہر میرپورخاص اور اس کے لاکھوں عوام کی توہین کی ہے،سید ذوالفقار شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے اپنے بیان میں نواز شریف کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنے خطاب میں تاریخی شہر میرپورخاص اور اس کے لاکھوں عوام کی توہین کی ہے۔

سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے باعث کسی شہر یا خطے کا نام طنز یا تحقیر کے انداز میں لینا مناسب طرزِ سیاست نہیں۔ میرپورخاص سندھ کی تاریخ، ثقافت، زراعت اور قومی معیشت میں اہم مقام رکھتا ہے۔ میرپورخاص کی محبِ وطن عوام نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور جمہوریت کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی دلائل ختم ہونے پر نواز شریف شہروں اور عوام کی تذلیل کررہے ہیں۔ سندھ کے عوام مسلم لیگ ن کی سندھ دشمن سوچ کو مسترد کرتی ہے۔

صوبائی وزیر نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف اپنے غیرمناسب رویے پر میرپورخاص کی عوام سے معذرت کریں۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن قیادت اپنے دیوالیہ بنے ہوئے سیاسی کیریئر کو بچانے کیلئے آخری کوششوں میں ہے۔ آزاد کشمیر کی عوام نوسربازوں کو اچھی طرح پہچانتی ہے، ن لیگ کو عبرتناک شکست ہوگی۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عوامی منشور کے ساتھ عام آدمی کے درمیان موجود ہیں۔

آزاد کشمیر اور پاکستان پیپلزپارٹی کا تعلق دیرینہ اور پختہ ہے جسے کسی سرکس سے توڑا نہیں جاسکتا۔سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے قربانیاں دیکر اپنے وسائل سے ملکی معیشت کو سہارا دیا ہے۔ سندھ اور سندھ کے عوام کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں