شرجیل انعام میمن 12

مون سون اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے سندھ مکمل تیار ہے ،شرجیل انعام میمن

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ مون سون، سیلاب اور ہیٹ ویوز جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاق اور سندھ کے درمیان مؤثر ہم آہنگی خوش آئند ہے اور صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں مون سون 2026 کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں پیشگی منصوبہ بندی، بروقت فیصلوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا۔شرجیل انعام میمن کے مطابق نیکسٹ جنریشن ارلی وارننگ سسٹم اور پریڈکٹو ڈیزاسٹر انٹیلی جنس سسٹم پاکستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام میں اہم پیش رفت ہیں، جن کے ذریعے حقیقی وقت کے موسمیاتی، آبی اور جغرافیائی ڈیٹا کی مدد سے خطرات کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے، اچانک سیلاب، دریائی طغیانی، شدید گرمی اور خشک سالی جیسے چیلنجز درپیش ہیں، اس لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت تمام متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور مون سون کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری وسائل، مشینری اور امدادی اقدامات ہر وقت فعال رکھے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں