لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی کی تحریک کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سات سال قبل کشمیر کی آئینی حیثیت کو ختم کیا جبکہ پانچ اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت بھی یکطرفہ طور پر ختم کر دی گئی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فاشسٹ مودی نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو منسوخ کرکے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے سیکولر بھارت کے آئین کو ہٹلر اور موسولینی کا آئین بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے سنجیدہ اور دانشور حضرات آج بھی مودی کے اس فیصلے کی بھرپور مخالفت کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بھارت بھرپور طاقت استعمال کرنے کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جمہوریت کا چیمپئن ہونے کا دعویٰ بھی ڈکٹیٹر شپ میں تبدیل ہو چکا ہے جبکہ مودی دور، عہدِ حاضر کا ہٹلر اور موسولینی کا مکسچر ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے منشور میں کشمیریوں کی آزادی سرفہرست ایجنڈا ہے۔









