اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے اور مقبوضہ لداخ کی صورت حال پر پاکستان نے اپنا موقف دیاہے۔انہوں نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اس خطے کو بھارت کا نام نہاد یونین ٹیریٹری تسلیم نہیں کیا جاتا اور مقبوضہ لداخ نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے اور نہ ہی اسے بھارت کا حصہ تسلیم کیا جائے گا۔
ترجمان نے کہاکہ مقبوضہ لداخ میں نئے اضلاع کے قیام کو پاکستان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی انجینئرنگ قرار دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت کے یک طرفہ اقدامات ایک متنازع خطے کی قانونی حیثیت اور سیاسی نمائندگی کو متاثر کرنے کی کوشش ہیں۔طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کا موقف ہے کہ یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مطابق مقبوضہ لداخ اور جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت ان اقدامات سے تبدیل نہیں ہو سکتی۔









