لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل ہی خطے میں امن کی ضمانت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کو غیور کشمیریوں نے ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیریوں کے دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کشمیر یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پُرامن حل ہی کشمیری عوام کے حقوق کے تحفظ اور خطے میں پائیدارامن کی ضمانت ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے، جبکہ پاکستان بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھاتا رہے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے عوام دہائیوں بعد بھی اپنے حقِ خودارادیت کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور لازوال حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اظہارِ امید کیا کہ وہ دن ضرور آئے گا جب جموں و کشمیر کے عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے۔









