شہباز شریف 46

مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ وارانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔

یکم مئی کو منائے جانے والے مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر یوم مزدور نہایت پر عزم انداز میں منا رہا ہے، میں مزدوروں کے عالمی دن پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان کے محنت کشں مزدوروں کو ان کی بے لوث خدمات پر خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ مزدور، کسان، کاریگر، فیکٹریوں میں کام کرنے والے اور دیگر محنت کش طبقات کی قربانی اور خاموش استقامت ہی کھیتوں سے کارخانوں تک، تعمیراتی مقامات سے ورکشاپس تک، مقامی گلیوں سے لے کر عالمی سطح تک کارہائے زندگی کو رواں دواں رکھتی ہے، معاشرے کے یہی بے لوث جفا کش سب سے بڑے اعزاز کے مستحق ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم، پاکستانی مزدور کی عزم و ہمت ،مشکلات کو سہنے کے حوصلے اور زندگی کی سختیوں کا وقار کے ساتھ سامنا کرنے کے مثالی جذبہ کے شاہد ہیں، مزدور اور ہنر مند افرادی قوت ہی اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار ہمارے لاکھوں محنت کش قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر ہیں، ان کی قابلیت اور محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی ہمارے لئے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی دنیا بھر میں عزت کے ساتھ اپنی روزی بھی کماتے ہیں اور ملکی معاشی استحکام میں قیمتی زرمبادلہ کی صورت میں اپنا بیش قدر حصہ بھی ڈالتے ہیں، قوم کے مستقبل کے لئے ان کی یہ قومی خدمت ہمارے دل پہ نقش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے حصول کے لئے جانے والے ہم وطنوں کی ہنر مندی اور پیشہ ورانہ استعداد کو بڑھانے کے لیے وفاقی حکومت نے خصوصی اقدامات کئے ہیں، وفاقی حکومت نے نیشنل سکلز ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت ملکی صنعت وحرفت اور تجارت میں ہنر مندی کی مخصوص ضرویات اور جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے،

بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لئے بالخصوص بین الاقوامی معیار کی تربیت، زبانوں پر عبور اور سرٹیفیکیشن کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ ہماری افرادی قوت دنیا میں باعزت طریقے سے اپنا مقام قائم کر سکے۔قومی ادارے بشمول ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن اور ورکرز ویلفیئر فنڈ مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو پنشن، رہائش، تعلیم اور دیگر فلاحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں، اجتماعی اور انفرادی سطح پر تمام افراد، تاجر، صنعتکار، مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دست بدعا ہیں کہ پاکستان کے محنت کش یونہی جفاکشی ، مہارت اور نیک نیتی سے ملک کا نام روشن کرتے رہیں اور عزم و ہمت اور قومی وقار کی قابل فخر علامت رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں