اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے تحریک انصاف کی 15اکتوبر کے دن احتجاج کی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ غیر ملکی اعلیٰ سطحی وفود اور عالمی میڈیا کی موجودگی میں اسلام آباد میں تماشہ لگانا قابل مذمت ہے،کوئی بھی ذمہ دار سیاسی جماعت عالمی کانفرس کے دن احتجاج کی کال نہیں دیتی۔
اپنے بیان میں شیری رحمان نے کہاکہ تحریک انصاف کی جانب سے 15اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کی کال پر کئی سوالات اٹھتے ہیں،شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دن ڈی چوک پر احتجاج سے تحریک انصاف کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟ ۔شیری رحمان نے کہاکہ غیر ملکی اعلیٰ سطحی وفود اور عالمی میڈیا کی موجودگی میں اسلام آباد میں تماشہ لگانا قابل مذمت ہے،تحریک انصاف جتھوں اور انتشار کی سیاست سے ملکی مفادات پر حملہ کر رہی ہے۔
انہوںنے کہاکہ ملک کی کوئی بھی ذمہ دار سیاسی جماعت عالمی کانفرس کے دن احتجاج کی کال نہیں دیتی،تحریک انصاف عالمی دنیا کو نہایت ئی منفی پیغام دی رہی ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ملک میں کوئی بھی غیر ملکی وفد نا آئے۔انہوںنے کہاکہ ریڈ لائین کوئی شخص اور اس کی ذاتی سیاست نہیں ملک اور ملکی مفادات ہونے چاہئے،تحریک انصاف اپنی سیاست پر نظرثانی کرے اور 15اکتوبر کی احتجاج کی کال واپس لے۔
٭٭٭٭٭









