لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے غزہ میں جنگ بندی کی قرار دار کو سلامتی کونسل میں امریکہ کی جانب سے ویٹوکرنا شرمناک اقدام ہے.
ایک طرف امریکہ غزہ میں معصوم بچوں کے قتل عام میں براہ راست ملوث ہے جبکہ دوسری جانب وہ دنیا میں امن کا داعی کہلانا چاہتا ہے ،اسرائیل نے جس ظلم و بربریت کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ، اسرائیل مسلمانوں کی نسل کشی کر رہا ہے ، خواتین ، بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے ، امدادی قافلوں ، ہسپتالوں اور ریلیف کیمپوں کو تباہ کر رہا ہے اور کوئی روکنے والا ہی نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اسرائیل نے امریکی آشرباد سے مشرقی وسطی کا امن تہس نہس کر کے رکھ دیا ہے ۔اقوام متحدہ سمیت تمام نام نہاد ادارے مفلوج اور غیر فعال ہو گئے ہیں ۔
موجودہ عالمی طاقوں کو روس کے انجام سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان قومی ہیرو اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کے مقام و مرتبہ کو بحال کرے ،اس اقدام سے خود حکومتی توقیر میں بھی اضافہ ہو گا۔ وہ قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں جو اپنے محسنین کو عزت و احترام دیتی ہیں ۔پوری پاکستانی قوم چاہتی ہے کہ پاکستان کو ایٹمی اسلامی فلاحی ریاست بنانے والے ڈاکٹر عبد القدیر خان کو اس کا اصل مقام دیا جائے ۔
علاوہ ازیں محمد جاوید قصوری نے عید قربان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہونے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔اس سال عید قربان ایک چیلنج بن چکی ہے۔جانوروں کی قیمتوں میں 70فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔المیہ یہ ہے کہ جانور خریدنا آسان ہے اور نہ ہی گھر کا راشن خریدنا ممکن ہے۔ تمام چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ حکومت فوری طور پر مہنگائی کے خلاف اقدامات کرے اور لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔









