شیری رحمن

عمران خان کے حساس اداروں کے حکام پر الزامات قابل مذمت ہیں،سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے حساس اداروں کے حکام پر الزامات انتہائی خطرناک اور قابل مذمت ہیں۔

منگل کو اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان بغیر ثبوت کے الزامات لگا رہے ہیں اس طرح کے بے بنیاد اور اشتعال انگیز الزامات سے اپنے کارکنوں کو اکسا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک طرف اداروں پر الزامات تو دوسری طرف ان سے ملاقاتوں کی درخواستیں کررہے ہیں،عمران خان پر گزشتہ سال 3 نومبر کو حملہ ہوا جس کی ہم سب نے مذمت کی، جنوری 12 تک ان کی پنجاب میں حکومت قائم تھی، ان کی صوبائی حکومت نے اس حملے کے حوالے سے کیا تحقیقات کی؟

شیری رحمان نے کہا کہ سابق وزیر اعلی پنجاب خود عمران خان کے الزامات مسترد کر چکے ہیں۔ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ کرپٹ لوگوں کیخلاف ایکشن لینے سے ادارے کی ساکھ بڑھتی ہے تاہم اپنے دور میں انہوں نے اپنے وزرا کی کرپشن پر کسی کے خلاف ایکشن نہیں لیا۔