ڈاکٹر عشرت العباد خان 16

آئندہ وفاقی بجٹ مکمل عوام دوست بنایا جائے، ڈاکٹر عشرت العباد خان

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)میری پہچان پاکستان (ایم پی پی)کے سربراہ اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ کو مکمل طور پر عوام دوست بنایا جائے تاکہ مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دبا کے شکار عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں متوسط اور غریب طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے، اس لیے حکومتی معاشی پالیسیوں کا مرکز عام آدمی ہونا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے نمایاں اضافہ کیا جائے جبکہ نجی شعبے میں کم از کم اجرت 60 سے 65 ہزار روپے مقرر کی جائے تاکہ محنت کش طبقہ باعزت زندگی گزار سکے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے فوری طور پر جامع معاشی ریلیف پیکیج کے اعلان کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات اور بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں واضح کمی ناگزیر ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ شاہانہ اخراجات، غیر ضروری سرکاری پروٹوکول اور حکومتی عیاشیوں میں نمایاں کمی لا کر قومی وسائل عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جائیں کیونکہ کفایت شعاری کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتوں کی بحالی اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کو آسان قرضوں کی فراہمی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، جو ملکی معیشت کی بہتری کے لیے ناگزیر ہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کراچی کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکیج کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے، اس لیے شہر کے تمام ترقیاتی منصوبے شفاف طریقے سے مکمل کیے جائیں۔

انہوں نے تجویز دی کہ تمام منصوبوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے تاکہ کرپشن اور تاخیر کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ترقیاتی شفافیت کا نظام مثر ثابت ہوا تھا، اسی طرز کے نظام کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، پانی کی فراہمی اور سیوریج نظام کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے اپیل کی کہ کراچی کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کو آئندہ بجٹ میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے اور اسے سیاسی نہیں بلکہ قومی ضرورت سمجھتے ہوئے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں