رانا ثناءاللہ 218

عمران خان کڑے احتسا ب کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائے‘رانا ثناءاللہ

فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن) رانا ثناءاللہ خان صدر پنجاب مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ عمران خان کڑے احتسا ب کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہو جائے، قومی اسمبلی تحلیل کر کے آئین سے انحراف کیا گیا کپتان وزارت عظمی سے الگ ہوکر عوام کا سامنا کریں۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں رانا ثناءاﷲ نے کہا کہ لوگوں کا احتساب کرنے والا اپنے احتساب کی فکر کرے غیر آئینی اقدام کا ماہر اب قانون کے شکنجے میں ہو گا ۔ ایک کروڑ 70 لاکھ ووٹ لینے والے عمران خان نے لگ بھگ چار کروڑ ووٹروں کے نمائندوں کو ملک کا غدار قرار دے دیا اور المیہ یہ ہے کہ عمران خان نے یہ بھی کہہ دیا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے تحریک عدم اعتماد کی امریکی سازش ہونے کے معاملے کی توثیق بھی کی ہے جبکہ ایسا کچھ نہیں ہوا، قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں ایسی کوئی بات نہیں تھی اگر اپوزیشن اراکین کا غیرملکی سفیروں سے ملنا ایک سازش تھی تو عمران خان بھی اپنی اپوزیشن کے دور میں مسلسل غیرملکی سفیروں سے ملتے رہے اور ابھی حال ہی میں ان کے اتحادی پرویز الہی غیرملکی سفیر سے ملے تاہم یہ غدار نہیں ہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے لالچ میں مبتلا یہ عمران نیازی ملک کو آئینی بحران کا شکار تو کر ہی چکا ہے مگر خدشہ ہے کہ یہ آدمی ملکی استحکام کو بھی داﺅ پرنہ لگادے پوری قوم کی نظریں اب سپریم کورٹ پرہیں امید کرتے ہیں کہ آئین کے خلاف ورزی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں