اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال رحمة اللہ علیہ کی 88ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک غیر معمولی فکری رہنما تھے جنہوں نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے ایک آزاد وطن کا تصور اجاگر کیا اور قوم میں نئی روح پھونکی،ان کی تعلیمات آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو خودی، خودداری اور مسلسل جدوجہد کا درس۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار کو اپنانے سے ہم اپنے اندر مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا تصورِ پاکستان ایک ایسے فلاحی اور عادلانہ معاشرے پر مبنی تھا جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور قانون کی حکمرانی قائم ہو۔
آج کے دور میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے فلسفے کو سمجھنا اور اس پر عمل ناگزیر ہو چکا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمان سمیت تمام ریاستی اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے نظریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، اتحاد اور ترقی کے لیے ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اپنے پیغام کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ہمیں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے افکار کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں نافذ کرنا ہوگا۔









