کراچی(رپورٹنگ آن لائن) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے عالمی یومِ نوجوانان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا روشن اور مضبوط مستقبل باصلاحیت، تعلیم یافتہ، ہنرمند اور پْرعزم نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ نوجوان قوم کا قیمتی سرمایہ اور ملک کی ترقی و خوشحالی کی سب سے بڑی امید ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی یومِ نوجوانان 2026ء کا موضوع ”مختلف حالات، مشترکہ امنگیں” نوجوانوں کے عزم، امید اور بہتر مستقبل کے مشترکہ خواب کی عکاسی کرتا ہے۔ دنیا کے مختلف خطوں میں نوجوانوں کو مختلف حالات اور چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم ان کی بنیادی خواہشات ایک جیسی ہیں اور وہ تعلیم، روزگار، ترقی، امن اور باوقار زندگی کے مواقع چاہتے ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں مناسب مواقع، جدید تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے ملک کی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔
نوجوانوں کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کے مستقبل کو مضبوط بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو جدید تعلیم، مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور مختلف فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جو بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جدید ہنر کے شعبوں میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرنے کے لیے انہیں معیاری تعلیم، تربیت اور روزگار کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف حالات اور مشکلات کے باوجود پاکستانی نوجوانوں کی امنگیں ایک بہتر، محفوظ، خوشحال اور باوقار مستقبل سے وابستہ ہیں۔ یہی امیدیں پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جانے کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور ہنر کے حصول پر توجہ مرکوز کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیت پاکستان کی طاقت اور ان کی کامیابی ملک کا روشن مستقبل ہے۔ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔









