بلومبرگ 16

عالمی پسندیدگی میں چین نے امریکہ کو پیچھے چھوڑ دیا، پی یو سروے

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)بلومبرگ کے مطابق، پی یو، ریسرچ سینٹر کی جانب سے 8 فروری سے 13 مئی تک 42 ہزار سے زائد افراد پر کیے گئے ایک سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ تقریباً دو دہائیوں میں پہلی بار عالمی سطح پر چین کے بارے میں مثبت رائے رکھنے والے افراد کا تناسب امریکہ سے زیادہ ہو گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، رواں سال سروے میں شامل 36 ممالک میں سے زیادہ تر ممالک میں چین کو امریکہ کے مقابلے میں زیادہ پسندیدگی حاصل ہوئی، جن میں امریکہ کے اتحادی ممالک کینیڈا، آسٹریلیا، فرانس اور جرمنی بھی شامل ہیں۔

سروے کے نتائج کے مطابق چین کی مقبولیت میں اضافہ خاص طور پر ایشیا پیسیفک اور مشرق وسطیٰ کے ممالک میں نمایاں رہا۔ صرف بھارت، جاپان، فلپائن، جنوبی کوریا، اسرائیل اور پولینڈ میں امریکہ کو چین پر برتری حاصل رہی۔چین کے حوالے سے پی یو ریسرچ سینٹر کے ایک اور سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بعض یورپی ممالک سمیت کئی ممالک میں چین کے لیے مثبت رائے کی شرح ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر جو بائیڈن کے دورِ اقتدار کے آخری نصف سے عالمی سطح پر امریکی قیادت پر اعتماد میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے۔ خارجہ پالیسی کے حوالے سے 17 متوسط آمدنی والے ممالک کے جواب دہندگان نے چین کے مقابلے میں امریکہ کے بارے میں زیادہ خدشات کا اظہار کیا۔ ان ممالک میں زیادہ افراد نے چین کو ایک “قابل اعتماد شراکت دار” قرار دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں