لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنما شہزاد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قیادت کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک میز پر بیٹھنا ہوگا کیونکہ موجودہ حالات قومی اتحاد، سیاسی ہم آہنگی اور مشترکہ حکمت عملی کے متقاضی ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا پاکستان پر بڑھتا ہوا اعتماد ایک مثبت پیشرفت ہے جس سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ شہزاد اشرف بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی معاشی استحکام، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور اصلاحاتی اقدامات کے باعث ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو رہا ہے جبکہ فیلڈ مارشل کی پیشہ ورانہ قیادت اور قومی سلامتی کے لیے خدمات نے پاکستان کا وقار اور دفاع نا قابل تسخیر بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام، معاشی اصلاحات اور قومی یکجہتی ہی ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں، لہٰذاتمام قومی ادارے اور سیاسی قوتیں مل کر ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کریں تاکہ پاکستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کر سکے۔









