شازیہ ماریہ 36

ضلع سانگھڑ میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی کے بہیمانہ قتل کا افسوسناک واقعہ ،شازیہ مری کی شدید مذمت

سانگھڑ(رپورٹنگ آن لائن)ضلع سانگھڑ میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی کے بہیمانہ قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں چک نمبر 81 مانگ میں مبینہ طور پر گھریلو اور قبائلی تنازع کے پس منظر میں ایک نوجوان لڑکی کو قتل کر دیا گیا، پیپلزپارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ غیرت کے نام پر معصوم بچیوں کا قتل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔پولیس کے مطابق مقتولہ کی شادی صرف 15 روز قبل نوشکی کے رہائشی علی نواز ابڑو سے ہوئی تھی۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ لڑکی کو دو روز قبل بلوچستان سے واپس لایا گیا تھا، جس کے بعد اسے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے بھائی خمیسو کندانی، سسر فرید ابڑو اور ثالث احمد شاہ کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام کے مطابق قتل کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کے دبائو یا صلح کی کوشش کو روکا جا سکے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔

دوسری جانب نے واقعے پر شدید افسوس اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے کہا کہ غیرت کے نام پر معصوم بچیوں کا قتل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ فرسودہ ذہنیت کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔شازیہ مری نے کہاکہ بعض اوقات ذاتی رنجشوں میں بھی عورت کو جواز بنا کر قتل کیا جاتا ہے اور پھر اسے غیرت کا نام دے دیا جاتا ہے، جو ایک انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے مضبوط کیس تیار کیا جائے تاکہ تمام ملزمان اپنے منطقی انجام تک پہنچ جائیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں