پشاور(رپورٹنگ آن لائن )خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے بعد عو ام کو لائف انشورنس فراہم کرنے کا منصوبہ منظور کیا ہے اور اس فلاحی اسکیم کا مقصد غریب اور کمزور طبقے کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبے کی 49 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔
جب بھی کسی گھر میں موت ہوتی ہے تو ایک فرد کی موت پورے خاندان کو مالی بحران میں مبتلا کر دیتی ہے۔ جانی نقصان کی تلافی نا ممکن مگر حکومت نے متاثرہ خاندانوں کی معاونت کے لیے بڑا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کی فوتگی پر خاندان کو 5 لاکھ کی مالی امداد دی جائے گی جب کہ 60 سال سے کم عمر افراد کی موت پر ورثا کی 10 لاکھ تک مالی معاونت کی جائے گی۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ یہ منصوبہ کے پی میں فلاحی ریاست کے قیام کی جانب ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت صوبائی سطح پر انشورنس کمپنی کے قیام کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔









