آصف علی زرداری 63

صدر مملکت اور وزیراعظم کا بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدرمملکت آصف علی زر داری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب سکیورٹی آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آپریشن میں پیشہ وارانہ مہارت سے خارجی سرغنہ سمیت 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ دریں اثناء اپنے بیان میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کو سراہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ خوارجی رنگ لیڈر اور خودکش حملہ آور کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کی آئینہ دار ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پاکستان اپنی تمام توانائیاں خطے اور عالمی امن کے حصول میں صرف کر رہا ہے اس وقت ہمارے دشمن دہشتگردی کے ذریعے ہماری ان کوششوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ ہم ان امن دشمن اور اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے 2 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انکا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔ قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں