صدرِ مملکت 34

صدر زرداری نے ماحولیاتی اور فوجداری اصلاحات کی منظوری دیدی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے مختلف اہم ملکی امور اور قانون سازی سے متعلق فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔

ایوانِ صدر کے ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے 21 مئی 2026 کو متعدد اہم قانونی بلز اور سرکاری سمریوں کی منظوری دی، جن میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پروہیبیشن آف پلاسٹک بک کورز بل 2026 بھی شامل ہے، سینیٹر شیری رحمان کے پیش کردہ اس بل کا مقصد ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دینا ہے۔صدر نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر (ترمیمی) بل 2026 کی بھی منظوری دی، جب کہ گورنر سندھ کی 21 مئی سے 3 جون 2026 تک بیرونِ ملک رخصت کی درخواست بھی منظور کی گئی۔

دوسری جانب 25 مئی 2026 کو صدر مملکت نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین اور اردنی عوام کو یومِ آزادی پر مبارکباد کا پیغام دیا۔اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ پاکستان اور اردن کے تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی و عالمی امور پر قریبی ہم آہنگی رکھتے ہیں اور توقع ظاہر کی کہ یہ برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔صدر نے نومبر 2025 میں شاہ عبداللہ دوم کے دورہ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات میں سنگِ میل قرار دیتے ہوئے اردن کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں